اوپن یونیورسٹی میں بائیوسائنسز پر بین الاقوامی کانفرنس 23 ستمبر کو ہوگی

منگل 16 ستمبر 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں’’انٹیگریٹیو ریسرچ اِن بائیوسائنسز‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس 23 ستمبر کو منعقد ہو رہی ہے۔ یہ کانفرنس یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کے شعبہ بیالوجی کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے جس میں ملکی و غیر ملکی محققین، سائنسدان اور ماہرینِ تعلیم شریک ہوں گے۔

کانفرنس کا بنیادی مقصد بائیوسائنسز کے مختلف ذیلی شعبہ جات کے درمیان بین الضابطہ تعاون کو فروغ دینا اور تحقیق کے ذریعے سائنسی جدت کو آگے بڑھانا ہے۔ اس موقع پر جینیٹکس، بائیوٹیکنالوجی، ماحولیاتی حیاتیات اور ہیلتھ سائنسز جیسے موضوعات پر سیشنز اور تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے تاکہ نئی سائنسی دریافتوں کو معاشرتی اور صنعتی سطح پر کارآمد بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

افتتاحی اجلاس کی صدارت وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ''اس نوعیت کی کانفرنسز نہ صرف سائنسی تحقیق کے فروغ کے لیے اہم ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔شعبہ بیالوجی کی اسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر رضوانہ کوثر کے مطابق یہ بین الاقوامی اجتماع نہ صرف علمی تعاون کو فروغ دے گا بلکہ پاکستان میں بائیوسائنسز کے شعبے کو ایک نئی سمت دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔