Live Updates

پاکستان کا ایشیاء کپ سے دستبردار ہونے کا امکان، حکومت سے رائے مانگ لی

پی سی بی ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بقیہ میچز پر اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 ستمبر 2025 15:31

پاکستان کا ایشیاء کپ سے دستبردار ہونے کا امکان، حکومت سے رائے مانگ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2025ء ) پاکستان کا ایشیاء کپ سے دستبردار ہونے کا امکان ہے اس حوالے سے کرکٹ بورڈ نے حکومت سے رائے مانگ لی۔ کرکٹ ویب سائٹ کی جانب سےدعویٰ کیا جارہا ہے کہ آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست منظور نہیں کرے گا، اینڈی پائی کرافٹ ایشیا کپ میں میچ ریفری کے فرائض جاری رکھیں گے، آئی سی سی نے پاکستان کا یہ مؤقف بھی تسلیم نہیں کیا کہ میچ ریفری نے بھارتی ٹیم کے دباؤ پر متنازع اقدام کیا، گراؤنڈ میں موجود ایشین کرکٹ کونسل کے رکن نے ہی پائی کرافٹ کو ہینڈ شیک نہ کرنے کے حوالے سے کہا تھا، آئی سی سی کے نزدیک ہینڈ شیک تنازع میں اینڈی پائی کرافٹ کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے پاک بھارت کرکٹ میچ کے ریفری کو ہٹانے کے مطالبے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل معاملے کو حل کرنے کی کوششیں کررہا ہے، لیکن پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کے معاملے پر پی سی بی اپنے سخت مؤقف پر قائم ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے ، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے حکومت سے مشاورت متوقع ہے اور پی سی بی کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، پی سی بی ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بقیہ میچز پر اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے جانے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔ اس معاملے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی ہے، میچ ریفری نے کرکٹ کی سپرٹ کے خلاف اقدامات کیے، میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باضابطہ شکایت کی گئی، پی سی بی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات