پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے توانائی کے شعبے کی اہم چینی کمپنی وونٹائی پاور کے وفد کی ملاقات

منگل 16 ستمبر 2025 23:01

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے توانائی کے شعبے کی اہم چینی کمپنی وونٹائی پاور نے وفد نے یہاں ملاقات کی۔ وفد میں وونٹائی گروپ کے بانی چیئرمین نان یی، صدر ڑانگ ین اور ڈائریکٹر ڑائو جیالی شامل تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وونٹائی گروپ کے وفد کے درمیان پاکستان میں توانائی کے متبادل ذرائع میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو وونٹائی گروپ کے وفد نے سولر انرجی کے شعبے میں وسیع امکانات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع اختیار کئے بغیر تیز رفتار ترقی ممکن نہیں، توانائی کے ماحول دوست ذرائع کو اختیار کرکے ہم موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی بخوبی مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صوبہ سندھ کی حکومت نے شمسی توانائی کے اہم منصوبے شروع کئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سندھ حکومت کے سینئر وزیر شرجیل میمن اور وزیر برائے شعبہ توانائی ناصر شاہ بھی تھے۔