گلگت بلتستان میں محفوظ سیاحت کے فروغ کیلئے اہم قدم ، شگر میں پاک فوج کے زیر اہتمام کوہ پیمائی سیمینار کا انعقاد

منگل 16 ستمبر 2025 22:49

شگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں پاک فوج کے زیر اہتمام ایک اہم اور بامقصد ماؤنٹینئرنگ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع گلگت بلتستان میں محفوظ اور ذمہ دارانہ سیاحت کے لیے عملی حل تھا۔ یہ سیمینار نہ صرف کوہ پیمائی کے شعبے میں درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں کامیاب رہا بلکہ اس نے مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے ٹھوس تجاویز و حل پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔

سیمینار میں 17 نامور ہائی اچیورز، 30 مقامی کوہ پیما، تجربہ کار ٹور آپریٹرز، محکمہ جنگلات و ماحولیات کے نمائندوں سمیت ملکی و غیر ملکی ماہرین نے شرکت کی۔ماہرین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کوہ پیمائی، محفوظ سیاحت، مقامی کوہ پیماؤں کو درپیش چیلنجز، ماحولیاتی تحفظ اور ٹورازم انڈسٹری کے دیگر اہم پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے پاک فوج کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار نہ صرف زمینی حقائق کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے بلکہ اس نے پالیسی سازوں، ماہرین اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک مضبوط رابطے کی بنیاد بھی فراہم کی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سیمینار پاکستان میں کوہ پیمائی اور سیاحت کی ترویج کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایسے اقدامات سے نہ صرف علاقائی ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو پاکستان کی مثبت عالمی ساکھ میں بھی اضافہ کریں گے۔ماہرین نے زور دیا کہ گلگت بلتستان کی بے مثال قدرتی خوبصورتی اور بلند و بالا پہاڑ دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ضرورت صرف مربوط پالیسی، مقامی وسائل کی ترقی، اور محفوظ سیاحت کے فروغ کی ہے۔

اس سیمینار کے انعقاد سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان میں کوہ پیمائی اور ایڈونچر ٹورازم کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے کے لیے ریاستی ادارے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔