سندھ امن کارواں امن دشمن قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ہوگا، کراچی میں تاریخی استقبال کی تیاریاں جاری

منگل 16 ستمبر 2025 20:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) جمعیت علما اسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیر شیخ الحدیث مولانا نورالحق نے کہا ہے کہ سندھ امن کارواں صوبے کی تقدیر بدلنے اور امن دشمن قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سندھ امن کارواں کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اور ضلع جنوبی کے کارکنان اس جلسے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

سندھ امن جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نورالحق نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد لیاری کھنڈرات میں اور صدر ٹان کی سڑکیں تباہ حالی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ گلیاں ناہموار، جگہ جگہ گڑھے اور گندگی کے ڈھیر شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ امن مارچ صرف کچے کے ڈاکوں کے خلاف نہیں بلکہ عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے پکے کے ڈکیتوں کے خلاف بھی ہے۔

وزیراعلی ہاس کے سامنے منعقد ہونے والے سندھ امن کارواں جلسے میں کراچی ضلع جنوبی کے عوامی مسائل بھرپور انداز میں اجاگر کیے جائیں گے۔مولانا نورالحق نے کہا کہ جے یو آئی سندھ دشمن قوتوں سے نجات دلا کر عوام کو متبادل قیادت فراہم کرے گی اورعوامی طاقت کے ذریعے 16 سالہ سیاہ دور کا خاتمہ ممکن بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پرامن اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے جے یو آئی کی جدوجہد جاری ہے اور یہ تحریک روزِ اول سے پرامن ہے۔