آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق کی کل جماعتی کانفرنس کے بعد سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 16 ستمبر 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی آل پارٹیز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، اس سازش کا مقابلہ کیا جائےگا،وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق نے منگل کو یہاں منعقدہ کل جماعتی کانفرنس کے بعد سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

آزاد جموں و کشمیر ہائوس میں کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کل جماعتی کانفرنس میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ کل جماعتی کانفرنس میں آزاد کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی آل پارٹیز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ریاست کے حالات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائےگا۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت پوری طرح ملوث ہے،انہوں نے بھارت کی سازش بے نقاب کرتے ہوئے جینیوا میں بھارت کے مستقبل مندوب کا ٹیلی گرام بھی بطور ثبوت دکھایااور کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس کی مذمت کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔

اس سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر ہوا۔سیاسی رہنماؤں نے کہاکہ سیاسی قیادت مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک کی حمایت کرتی ہے اور کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی فورم یا پریشر گروپ کو مفاد عامہ کے فیصلے کا اختیار نہیں دیا جائےگا۔لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے۔