ٹریفک پولیس ڈیرہ غازی خان کی غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف کارروائی جاری

بدھ 17 ستمبر 2025 12:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ٹریفک پولیس ڈیرہ غازی خان کی غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد افضل خان کی ہدایت پر شہر بھر میں غیر رجسٹرڈ ایل پی جی سلنڈرز اور گاڑیوں میں غیر منظور شدہ کمپنیوں سے نصب شدہ سلنڈر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ اس دوران متعدد گاڑیوں کو تحویل میں کے کر کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔

ڈی ٹی او محمد افضل خان نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز اور ویگن مالکان کو طلب کیا جائے گا تاکہ ان کی گاڑیوں سے غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز اُتار ے جا سکیں اور گاڑیوں کو ان کی اصل حالت یعنی پٹرول پر فعال کیا جائے۔ اگر کوئی مالک یا ٹرانسپورٹر اس اقدام سے انکار کرے یا مزاحمت کرے تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر سلنڈر کا استعمال ناگزیر ہو تو صرف حکومتِ پنجاب سے منظور شدہ کمپنیوں کے رجسٹرڈ سلنڈرز ہی نصب کیے جائیں، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔

حکومت پنجاب عوام کے جان و مال کے تحفظ اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ٹریفک پولیس ڈیرہ غازی خان کی جانب سے عوام، سماجی کارکنوں اور سوشل میڈیا صارفین سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس مہم میں پولیس کا ساتھ دیں، عوامی آگاہی میں کردار ادا کریں اور غیر قانونی سلنڈرز کے خلاف آواز بلند کریں۔ترجمان ٹریفک پولیس ڈیرہ غازی خان کے مطابق قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔