وفاقی وزیربحری امورمحمد جنید انوارچوہدری کا سی پیک کے تحت بحری ترقی میں گرین انرجی اور سمندری تحفظ پر زور

بدھ 17 ستمبر 2025 15:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان، چین کے ساتھ سمندری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ گوادر کو خطے کا مرکزی تجارتی و رابطہ مرکز بنایا جا سکے۔ وزارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پانچ سالہ بحری ایکشن پلان 2025ء تا 2029ء کے حوالے سے بدھ کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ فریم ورک سمندری معیشت کی ترقی، وسائل کے پائیدار استعمال، سائنسی تحقیق اور ماحولیاتی تحفظ پر مبنی ہے جو چین۔

پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو افغانستان، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے گوادر پورٹ کی توسیع، فری زون سٹیج ٹو کی جلد تکمیل اور ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز ٹو کے فوری آغاز جیسے بڑے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرکام کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بندرگاہ کے ساتھ مربوط کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ کثیرالجہتی ٹرانزٹ کو فروغ ملے۔ فریم ورک میں ای-ڈیٹا انٹرچینج اور سمارٹ پورٹ ٹیکنالوجی کے نفاذ کی تجاویز شامل ہیں تاکہ گوادر کو چینی اور عالمی شپنگ نیٹ ورکس سے جوڑا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی بندرگاہی صنعتوں، گوداموں اور کولڈ سٹوریج سہولتوں کی ترقی کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ علاقائی تجارت اور ٹرانس شپمنٹ میں سہولت پیدا ہو۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر کے علاوہ منصوبے میں سائنس، صنعت اور سیاحت کے فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے جس میں مشترکہ میرین سائنس ریسرچ مراکز، سی پیک صنعتی پارکس برائے فشریز، شپ بلڈنگ اور آبی حیات کی افزائش شامل ہیں۔ بلوچستان کے ساحل پر میرین ٹورازم، کروزز اور واٹر سپورٹس کے منصوبے بھی اس فریم ورک کا حصہ ہوں گے۔تعلیم اور پائیداری کو بھی اولین ترجیح دی گئی ہے، جس کے تحت پاکستانی و چینی جامعات اور اداروں کے درمیان اکیڈمک پارٹنرشپ اور تربیتی تبادلوں کے ذریعے لاجسٹکس، پورٹ آپریشنز اور فشریز کے ماہر افرادی قوت تیار کی جائے گی۔

منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ’’گرین انرجی اور اوشن‘‘ اہداف سے ہم آہنگ ہے تاکہ ترقی اور ماحول کے تحفظ میں توازن قائم رکھا جا سکے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ 2025ء تا 2029ء کا ایکشن پلان پاکستان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ ایک مضبوط بحری معیشت قائم کرے، چین کے ساتھ تعلقات مزید گہرے بنائے اور سی پیک کے فریم ورک کے تحت مشترکہ خوشحالی کو آگے بڑھائے۔