یونیورسٹی روڈ پر پانی کی مین لائن ٹوٹنے سے سڑک تالاب بن گئی، لاکھوں گیلن پانی ضائع ہورہا ہے، محمد علی بلوچ

بدھ 17 ستمبر 2025 17:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)کراچی کی مصروف ترین شاہراہ یونیورسٹی روڈ پر ووفاقی اردو یونیورسٹی کے سامنے پانی کی مین لائن ٹوٹنے سے سڑک دو روز سے تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے جبکہ لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے، مگر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا عملہ تاحال غائب ہے۔ اس صورتحال کے باعث گلشن اقبال سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے اور شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان اور ایڈوائزر محمد علی بلوچ متاثرہ مقام پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ واٹر اینڈ سیویریج کارپوریشن کی کرپشن اور نااہلی نے کراچی کے شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ آئے روز پانی کی مین لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں مگر کئی کئی روز تک مرمت نہیں کی جاتی تاکہ متاثرہ علاقوں کے مکین مہنگے داموں ٹینکر مافیا سے پانی خریدنے پر مجبور ہوں۔

(جاری ہے)

محمد علی بلوچ نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی کنکشنز کی بھرمار ہے اور ٹینکر مافیا کا راج قائم ہے جبکہ واٹر بورڈ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نیو حب کینال کے ذریعے یومیہ 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن 12 ارب روپے سے بننے والی نئی حب کینال بارشوں میں بہہ گئی۔ اب حب کے قریب مین لائن بھی ٹوٹ گئی ہے جس سے کراچی کے ویسٹ اور سینٹرل اضلاع سمیت کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کا سنگین بحران پیدا ہو چکا ہے، شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور یہ سب واٹر اینڈ سیویریج بورڈ کی کرپشن اور نااہلی کا نتیجہ ہے۔ پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان نے اعلان کیا کہ وہ اس مسئلے پر بھرپور آواز اٹھائیں گے اور شہریوں کو ان کا حق دلوائیں گے۔