وفاق وفد افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کرے، ورنہ ہمارا جرگہ جانے کو تیار ہے، بیرسٹر سیف

بدھ 17 ستمبر 2025 17:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق جلد از جلد افغانستان کے ساتھ بات چیت کے لیے وفد بھیجنے کا فیصلہ کرے، بصورتِ دیگر خیبر پختونخوا حکومت کا جرگہ افغانستان جانے کے لیے تیار ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبہ ہے، دہشت گردی کا سارا بوجھ خیبر پختونخواحکومت نے اٹھایا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی قربانیوں کی وجہ سے باقی ملک دہشت گردی کی آگ سے محفوظ ہے، وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور اس اہم مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہر چیز پر سیاست نہیں کی جا سکتی، افغانستان کو نظر انداز کرنا وفاقی حکومت کی بڑی غلطی ہے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ یہ انسانی زندگیوں کا معاملہ ہے، وفاق یا تو خود افغانستان سے رابطہ کرے یا خیبر پختونخوا کو اجازت دے، اگر دہشت گردی کی آگ خیبر پختونخوا سے باہر پھیلی تو پورا ملک اس کی لپیٹ میں آجائے گا۔