Live Updates

کراچی والوں کو پانی کے لیے ترسایا جا رہا ہے،بلال سلیم قادری

بدھ 17 ستمبر 2025 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)پانی کی 66 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی، جس کے باعث کئی علاقوں میں میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ضلع کیماڑی،وسطی اور غربی میں پانی کی فراہمی ایک بار پھر معطل ہوگئی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آخر ایسی کیا وجہ ہے جو بار بار پانی کی لائنیں پھٹ جاتی ہیں۔ایسا لگتا ہے جیسے یہ بھی ایک سازش کا پیش خیمہ ہے کیوں ان لائنوں کے لیے متبادل کوئی حل نہیں نکالا جا رہا کیوں اتنا پانی ضائع کیا جاتا ہے۔شہریوں کو مہنگے داموں پانی خریدنا پڑتا ہے مہنگائی کے ڈور میں پانی خریدنا بھی ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ شہر قائد کی حالت تو ایسی ہے جیسے کوئی اجڑا ہوا چمن شہر کی کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہوں یا جہاں گڑھے نہ ہوں۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت ہو یا شہری حکومت وہ شہریوں کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کر پا رہی ہیں تو باقی چیزیں کیا فراہم کریں گی۔کراچی میں بارش کے بعد شہر کھنڈر میں تبدیل ہو گیا ہے۔مرکزی سڑکوں میں گڑھے پڑے ہوئے جس کے لیے کے ایم سی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ان کا مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے لیکن اندرونی گلیوں کا حال بے حال ہے سڑک نام کی چیز ختم ہوگئی ہے۔

لیاقت آباد ، اورنگی ٹاون ، بلدیہ ٹاون ، قائد آباد، شاہ لطیف ٹاون ، نیوکراچی میں بھی اندرونی گلیاں تباہی کا منظر پیش کرر ہی ہے اولڈ سٹی ایریا، شومارکیٹ، رنچھولائن میں سیوریج پانی اس قدر ہے شہریوں کا پیدل چلنا محال ہوگیا ہے۔کراچی میں ابتر صورتحال پر واٹر کارپوریشن ، 25 ٹاونز کی انتظامیہ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی انتظامیہ غائب شہریوں کو بدترین حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے۔کراچی کی مجموعی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ہے لیکن بلدیاتی اداروں کی جانب سے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جا رہے ہیں جس کا خمیازہ کراچی کے شہری بھگت رہے ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات