کرک ،ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کی گرفتاری کے خوف سے سگریٹ سمگل کرنیوالا ڈرائیور پل سے گرکر ہلاک

بدھ 17 ستمبر 2025 19:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) کرک کی حدود میں مبینہ طورپر ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کی گرفتاری کے خوف سے سیگریٹ سمگل کرنے والا ڈرائیور انڈس ہائی وے پر ایک پل سے نیچے گرکر لقمہ اجل بن گیا۔ جاں بحق شخص بلوچستان کا رہائشی تھا جو مبینہ طورپرموٹرکار کے ذریعے غیرملکی سیگریٹ سمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا ۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل کرک کی حدودمیں ایکسائز انٹیلی جنس بیورو نے انڈ س ہائی پر پانچ موٹرکاروں کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کے غیرملکی سیگریٹ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی تاہم گرفتاری کے خوف سے فرار ہونے والا ایک ڈرائیورانڈس ہائی وے پر جامہ پل سے نیچے گرکر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو1122 کی میڈیکل ٹیم نے اطلاع ملنے پر جاں بحق شخص کی لاش ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردی جس کی شناخت لورالائی بلوچستان کے رہائشی 41 سالہ عمرخان ولد شین گل کے نام سے ہوئی ۔اس ضمن میں کرک پولیس سٹیشن سے کئی بار کوشش کے باوجود رابطہ نہ ہوسکا البتہ ڈی پی او کرک کے دفتر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیلات سے گریز کیا۔