وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں ہم اپنی بیٹیوں کو سروائیکل کینسر سے بچائو کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر

بدھ 17 ستمبر 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا ہے کہ سروائیکل کینسر خواتین میں پایا جانے والا ایک عام کینسر ہے،وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں ہم اپنی بیٹیوں کو اس کینسر سے بچائو کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سروائیکل کینسر خواتین میں پایا جانے والا تیسرا سب سے عام کینسر ہے جو 15سے 44سال کی عمر کی خواتین میں دوسرا سب سے عام کینسر ہے،یہ واحد کینسر ہے جس سے ویکسین کے ذریعے بچاجا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات ملایشیا اور انڈونیشیا سمیت دنیا بھر میں میں متعارف کروائی جا چکی ہے،تکنیکی ماہرین کی مشاورت کے بعد ہم نے یہ ویکسین پنجاب کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کاحصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے،27ستمبر 2025تک صوبہ بھر میں ویکسینیشن بلا معاوضہ لگائی جا رہی ہے،اس مہم میں 80لاکھ بچیوں کو سکولز اور گھروں سمیت مراکز صحت پر ایک ٹیکہ لگانے کاہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے تربیت یافتہ ویکسینیٹرز،لیڈی ہیلتھ و زٹرز ایچ پی وی ویکسین ایل ایچ وی اور نرسز یہ ویکسین لگارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس مہم میں کل 6277آئوٹ ریچ ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔مہم میں 6798ویکسینیٹر، 6798ٹیم اسسٹنٹس اور 13075سوشل موبلائزر ہیں۔یہ ویکسین پنجاب کے تمام فعال ای پی آئی مراکز پر بھی میسر ہے،12روزہ مہم کے دوران معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات سروس بھی جاری رہے گی۔

ایچ پی وی ویکسین ماہرین کی جانب سے تجویز کردہ اور اسلامی اصولوں کے مطابق تیار کی گئی ہے-یہ ویکسین مستند علماء اور صحت کے اداروں سے منظور شدہ ہے-اس مہم میں ہمارے اساتذہ کا کردار مثالی ہے،صحت عامہ کے عظیم مقصد میں ان کے تعاون پر شکر گزار ہیں- اس موقع پرصوبائی وزیر صحت نے تقریب کے اختتام پر بچیوں کو ویکسینیشن لگوانے کے بعد ان میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔