&وزیرِ اعظم کا سعودی عرب کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھولے گا،ایاز صادق

سعودی عرب پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے اور پاکستان کی حکومت اور عوام خادمین حرمین شریفین کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،سپیکر قومی اسمبلی

بدھ 17 ستمبر 2025 21:30

;اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا سعودی عرب کا حالیہ دورہ، دونوں ممالک کے دیرینہ اور مستحکم تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو رہا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے وزیرِ اعظم کا شاندار استقبال اور پروٹوکول فراہم کرنے پر پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خوشی کا اظہار کیا۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کا سعودی عرب کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھولے گا، اور یہ دورہ دونوں ملکوں کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے اور پاکستان کی حکومت اور عوام خادمین حرمین شریفین کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بیان میں اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان موجودہ دورے کے دوران مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال پر دونوں ممالک کا موقف یکساں ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور دفاعی تعلقات میں مزید استحکام پیدا کرنے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی نوعیت صرف اقتصادی یا سیاسی تک محدود نہیں ہے بلکہ دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخی اور ثقافتی وابستگیاں بھی ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا سعودی عرب کا یہ دورہ ان روابط کو مزید گہرا کرے گا اور دونوں ملکوں کے لیے نئی تجارتی، اقتصادی اور دفاعی راہیں کھولے گا۔اس دورے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی، اور دفاعی تعلقات کی مزید فروغ کی امید کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب بلکہ پورے خطے کی سیکیورٹی اور استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گی