Live Updates

حکومت باعزت روزگار اور جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے ذریعہ نوجوانوں کو چیلنج سے معاشی مواقع میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف کا پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کو خصوصی انٹرویو

بدھ 17 ستمبر 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت باعزت روزگار اور جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے ذریعہ نوجوانوں کو چیلنج سے معاشی مواقع میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے،سیلاب سے پیدا ہونے والے چیلنج کا مقابلہ مشترکہ کوششوں کے ساتھ کر رہے ہیں،میرا وژن ہے کہ پاکستان سربلند ہو، معاشی خوشحالی اور ترقی کے عظیم سنگ میل عبور کرے اور ایک عظیم فوجی قوت بنے،بدھ کو پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں،ان کو با صلاحیت بنا کر زرعی شعبہ کو ترقی دی جا سکتی ہے اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں پر عمل کر کے آبادی کے متعلق چیلنجز کو معاشی مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ،ملک کی موجودہ معاشی صورتحال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیرِاعظم نے کہا کہ کہ 2022-23ء میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، مگر حکومتی معاشی ٹیم اور ان کی ذاتی کوششوں کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ غیر معمولی ٹیم ورک، مشترکہ کوششوں، انتھک محنت اور مقصد کے حصول کی لگن کے ذریعہ وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ اس وقت ہم ایک مضبوط معیشت ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِاعظم نے کہا کہ تباہ کن سیلابوں نے ہماری معیشت کو اتنا نقصان پہنچایا ہے جس کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا،انہوں نے کہا کہ ہم اس چیلنج کا مقابلہ مشترکہ کوششوں کے ساتھ کر رہے ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے وفاقی حکومت، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی حکومتوں اور پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات اور امدادی کارروائیوں کا حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ایک ایسی قوم کے طور پر ابھرے جو معاشی خوشحالی، امن اور خوشیوں کے حصول کے حوالے سے شاندار کامیابیاں سمیٹے۔انہوں نے کہا کہ میرا وژن ہے کہ پاکستان سربلند ہو، معاشی خوشحالی اور ترقی کے عظیم سنگ میل عبور کرے اور ایک عظیم فوجی قوت بنے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات