سی سی پی او پشاور کا مختلف تھانوں کا دورہ،روز مرہ امور کا جائزہ لیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 11:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے اچانک تھانہ چمکنی، تھانہ بھانہ ماڑی اور تھانہ آغا میر جانی شاہ کا دورہ کیا اور روز مرہ امور کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا۔کیپٹل سٹی پولیس تر جمان کے مطابق دورے کے دوران میاں سعید احمد نے تھانوں کے ریکارڈ، مختلف رجسٹرز ، نفری سٹیٹمنٹ، حوالات، مالخانہ، صفائی ستھرائی اور مجموعی سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ تھانوں کی عمارتوں، پولیس اہلکاروں کی رہائشی بیرکس اور نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی معائنہ کیا۔ ڈاکٹر میاں سعید احمد نے تھانے آنے والے سائلین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور محرر سٹاف کو ہدایت کی کہ سائلین کی فوری اور مؤثر دادرسی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ریکارڈ کی درستگی، صفائی ستھرائی، ہمہ وقت چوکسی اور بہترین سکیورٹی انتظامات کو دیکھتے ہوئے سی سی پی او نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور محرر سٹاف کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں نقد انعامات سے نوازا۔اس موقع پر سی سی پی او نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ان کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔