کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند رہنمائوں کا پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

جمعرات 18 ستمبر 2025 11:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس، آزادی پسند رہنمائوں اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے معروف کشمیری آزادی پسند رہنما، دانشور اورحریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

پروفیسر عبدالغنی بٹ بدھ کی شام سوپور میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے تھے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال، غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما بلال صدیقی، جموں و کشمیر لبریشن الائنس کے ترجمان سجاد میر، مولانا مصعب ندوی اور دیگر نے اپنے بیانات میں پروفیسرعبدالغنی بٹ کے انتقال کو تحریک آزادی کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں محمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی، مشتاق احمد بٹ، الطاف حسین وانی، زاہد صفی، زاہد اشرف، حسن بنا، محمد سلطان بٹ، الطاف احمد بٹ، شمیم شال اور شیخ عبدالمجاجدنے بھی اپنے بیانات میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پروفیسرعبدالغنی بٹ کی کشمیر کاز کے لئے خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ کی موت سے کشمیر ایک زیرک اور دور اندیش رہنما سے محروم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی کی کئی دہائیاں کشمیر کے عظیم کاز کے لئے وقف کر دیں، جدوجہد آزادی کی پاداش میں انہیں بطور پروفیسر ملازمت سے بھی برطرف کیا گیا ، وہ آخری سانس تک جدوجہد آزادی کے راستے پر ثابت قدم رہے۔حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔