قومی اسمبلی کی آئی ٹی کمیٹی کا اسلام آباد آئی ٹی پارک منصوبے میں تاخیر پر نوٹس

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبہ مقررہ ڈیڈ لائن 31 اکتوبر 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو چیئرمین سید امین الحق کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی اراکین، سیکرٹری آئی ٹی اور کورین کمپنی کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جہاں سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ یمن کے ساحل پر 4 سے 5 انڈر سی کیبلز متاثر ہوئی ہیں، جن میں پاکستان کو آنے والی دو کیبلز بھی شامل ہیں۔ اس کے باعث مسائل درپیش ہیں، تاہم کیبلز کی بحالی میں 4 سے 5 ہفتے لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 12 سے 18 ماہ میں پاکستان میں مزید تین نئی کیبلز شامل کی جائیں گی جو یورپ سے براہ راست جڑیں گی۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ ڈائریکٹر عامر احمد نے بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک 14.9 ایکڑ رقبے پر قائم ہو رہا ہے اور اس پر 76.3 ملین ڈالر کورین فنڈنگ اور 12.5 ملین ڈالر پی ایس ڈی پی سے خرچ کیے جارہے ہیں۔ منصوبے پر اب تک 71 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، تاہم 31 اکتوبر تک تکمیل مشکل نظر آتی ہے۔کمیٹی نے منصوبے میں بار بار تاخیر اور مسائل پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے وزارت آئی ٹی کو ہدایت دی کہ کورین کمپنی کو تحریری طور پر نوٹس جاری کیا جائے۔ چیئرمین کمیٹی سید امین الحق نے خبردار کیا کہ اگر منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل نہ ہوا تو کمپنی کو بلیک لسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔