کھیل کے میدانوں پر بھارتی فورسز کے قبضے سے نوجوان صحت بخش سرگرمی سے محروم ہو گئے

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:15

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کھیل کے میدانوں پر بھارتی فورسز کے قبضے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے نوجوان کھیل جیسی صحت بخش سرگرمی سے محروم ہو گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے’’ ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ عوامی مقامات پر بھارتی فورسز کے قبضے سے نوجوان نسل میں انتہائی فکر و تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چٹابل تبیلا گراؤنڈ پر قبضہ کیا گیا ۔بھگت برزولہ میں ایم ای ٹی (مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ) کی راضی پر بھی قبضے کی بات کی جا رہی ہے جسے مقامی نوجوان باقاعدگی سے کھیل کیلئے استعمال کرتے ہیں، بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے شیری بارہمولہ کے چڑیا گھر کی ارضی پر بھی قبضہ جما رکھا ہے۔‘‘محبوبہ مفتی نے لکھا کہ اس طرح کی کارروائیاں نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں سے محروم کر دیتی ہیں۔ پی ڈی پی سربراہ نے ڈویڑنل کمشنر کشمیر پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ یہ جگہیں عوام بالخصوص نوجوان نسل کے لیے قابل رسائی رہیں۔