محبوبہ مفتی گھر میں نظر بند،انتظامیہ نے پروفیسر بٹ کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے سوپور جانے سے روک دیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:12

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انتظامیہ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو معروف آزادی پسند رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ مرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیلئے سوپور جانے سے روکنے کیلئے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے’’ ایکس ‘‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’ ہمیں پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر تعزیت کے لیے سوپور جانے سے روکنے کے لیے آج گھر میں نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جو جموں و کشمیر میں غیر جمہوری اقدامات کی واضح نشاندہی کرتا ہے۔

‘‘انہوںنے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہوتی جا رہی ہے کہ بی جے پی کو کشمیر میں امن سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ اپنے سیاسی فائدے کیلئے بد امن کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے ، یہ مذموم انداز انتہائی غیر ذمہ دارانہ ، خطرناک اور نہایت قابل مذمت ہے۔‘‘انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو بھی پروفیسر بٹ کی نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے کیلئے بدھ کی شام سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا تھا۔ پروفیسر بٹ بدھ کی شام سوپور بوٹنگو میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے تھے۔