Live Updates

مولانا خانزیب اور جعفر خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری ریاست کی مجرمانہ خاموشی ہے،میاں افتخار حسین

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ مولانا خانزیب شہید ایک مفکر، فاضل اور امن کے داعی تھے، مگر افسوس کہ ان کے قاتل آج تک گرفتار نہیں کیے گئے، یہ ریاست آخر کیا پیغام دینا چاہتی ہی اسی طرح سوات کے کبل میں پارٹی رہنما جعفر خان کو بھی شہید کیا گیا اور ان کے قاتل بھی اب تک قانون کے کٹہرے میں نہیں لائے گئے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ امن اور قوم کے مستقبل کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اب تک 1200 سے زائد شہداء پیش کیے ہیں، لیکن ریاستی اداروں کی خاموشی ناقابلِ قبول ہے۔ اگر قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو عوامی نیشنل پارٹی اپنے شہداء کے انصاف کے لیے ہر فورم اور ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہم نہ ڈریں گے اور نہ پیچھے ہٹیں گے، اپنے شہداء کے خون کا حساب لیں گے اور قاتلوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

میاں افتخار حسین سے باچا خان مرکز پشاور میں باجوڑ کے صدر گل افضل، جنرل سیکرٹری شاہ نصیر خان اور رکن صوبائی اسمبلی نثار باز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور باجوڑ کی موجودہ سیاسی و علاقائی صورتحال، حالیہ بدامنی کے باعث بے گھر ہونے والے متاثرین اور سیلاب زدگان کے سنگین مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری واپسی یقینی بنائی جائے، جزوی یا مکمل طور پر تباہ شدہ گھروں کے مالکان کو ایک جامع پیکج کے تحت مناسب معاوضہ دیا جائے، اور سالارزئی سمیت متاثرہ علاقوں میں سیلاب زدگان کی بحالی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تباہ شدہ فصلوں اور زمینوں کے مالکان کو فوری معاوضہ دیا جائے، جبکہ سڑکوں اور دیگر بنیادی ترقیاتی منصوبوں کو التواء کا شکار کرنے کے بجائے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کے احساسِ محرومی کا خاتمہ ہو۔میاں افتخار حسین نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ باجوڑ اور قبائلی عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور حکومت کی بے حسی اور وعدہ خلافیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات