اسلام آباد،سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے 7ماہ کی حاملہ خاتون جاں بحق

جمعرات 18 ستمبر 2025 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے 7ماہ کی حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کھنہ کے علاقے برما ٹان میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تین بیٹوں کی ماں مہوش سسرالیوں کے ہاتھوں مبینہ تشدد سے جان گنوا بیٹھی۔

تھانہ کھنہ پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ مہوش سردار کی شادی 2017میں فیضان اقبال سے ہوئی تھی، میری ہمشیرہ مہوش پر ساس اور شوہر تشدد کرتے تھے۔ایف آئی آر میں مدعی کے حوالے سے کہا گیا کہ مقتولہ بہن مہوش پر تشدد کر کے،بچے چھین کر گھر سے نکال دیا گیا تھا، مقتولہ کے تین بچے ہیں جن کی عمریں 7سال، 5سال اور ڈیڑھ سال ہیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ وقوع والے دن کال کر کے کہا گیا کہ مہوش کو کرنٹ لگ گیا ہے اسپتال لے کر جا رہے ہیں، تھوڑی دیر بعد اطلاع دی گئی کہ بہن جاں بحق ہو چکی ہے۔مزید کہا گیا کہ بہن کی میت آبائی علاقے مانسہرہ لے کر گئے، مہوش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کے ثبوت ملتے ہیں، بہن کے شوہر اور ساس پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔تھانہ کھنہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔