ریسکیو 1122 مری کی انسدادِ ڈینگی مہم، دیہی علاقوں میں حفاظتی سامان کی تقسیم اور آگاہی سیشنز کا انعقاد

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں بھرپور سرگرمیاں جاری ہیں۔ میڈیکل کور پلان کے تحت شہری و دیہی آبادیوں میں ریسکیو اہلکاروں نے نہ صرف گھر گھر جا کر حفاظتی سامان تقسیم کیا بلکہ عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق یونین کونسل پوٹھہ شریف کے موضع علیوٹ کی ڈھوک عزیرہ، ڈھارہ اور دانی موڑ کے علاقوں میں ریسکیو ٹیموں نے خصوصی دورے کیے جبکہ یونین کونسل دریاہ گلی کے دیہات کوٹلی، مولاچھ اور ٹنگی کی ملحقہ آبادیوں میں بھی مہم کے تحت عملی اقدامات کیے گئے۔اس دوران ریسکیو اہلکاروں نے شہریوں کو گھروں اور گلی محلوں میں صفائی رکھنے، پانی کے ذخائر کو ڈھانپنے، پرانے ٹائروں اور استعمال شدہ برتنوں میں پانی جمع نہ ہونے دینے اور مچھر دانی کے استعمال پر زور دیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) گھڑیال میں انسدادِ ڈینگی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جہاں طلبہ کو ڈینگی وائرس کی ابتدائی علامات، احتیاطی اقدامات اور بروقت علاج کی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ماہرین نے اس موقع پر کہا کہ طلبہ آگاہی کے بہترین سفیر ہیں جو اپنے گھروں اور معاشرے میں شعور اجاگر کر سکتے ہیں۔ریسکیو 1122 مری کے ضلعی ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی مہم کا مقصد صرف بیماری کے علاج تک محدود نہیں بلکہ اس کے تدارک کے لیے عوامی سطح پر شعور بیدار کرنا ہے۔

عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں۔ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو 1122 کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مری جیسے سیاحتی شہر میں احتیاطی اقدامات نہایت اہمیت کے حامل ہیں تاکہ آنے والے سیاح اور مقامی آبادی کسی بڑے خطرے سے محفوظ رہ سکیں۔یاد رہے کہ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں گزشتہ برس ڈینگی کے کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، اور اس سال بھی یہی توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ مؤثر آگاہی اور عملی اقدامات کے ذریعے شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے گا۔