موچکو پولیس کی مختلف کارروائیاں ،گٹکا ماوا اور ایرانی ڈیزل کی ترسیل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) موچکو پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے حب چوکی بلوچستان سے کراچی کیلئے گٹکا ماوا اور ایرانی ڈیزل کی ترسیل کو ناکام بناتے ہوئے 3مبینہ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے گٹکاماوا اور ڈیزل برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق پہلی کارروائی کے دوران پولیس نے حب چوکی سے آنے والی وین سے 400پڑیاں ماوا اور 20 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کرکے ملوث ملزم سبحان شاہ کو گرفتار کرلیا۔

دوسری کارروائی میں پولیس نے مزدا ٹرک کے اضافی ٹینک سے 700لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل برآمد کرکے ملزم سلیمان کو گرفتار کرلیا جبکہ تیسری کارروائی میں پولیس نے حب چوکی سے آنے والے موٹر سائیکل پرسوارگٹکاماوا کے سپلائر فیضان کو گرفتار کرکے 300 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کرلیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کاآغاز کردیاہے۔