لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی

جمعہ 19 ستمبر 2025 11:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے9مئی جلائو گھیرائو کے واقعات میں عسکری ٹاور ،جناح ہائوس ،مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت دیگر چھ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 31 اکتوبر تک توسیع کردی ۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل اور ارشد جاوید نے الگ الگ عبوری ضمانت کی درخواستوں پر جمعہ کو سماعت کی۔ دوران سماعت علیمہ خان اور عظمی خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست ان کے وکیل رانا مدثر عمر نے دائر کی جبکہ دیگر ملزمان میں پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی ، حافظ فرحت عباس ، سابق وفاقی وزیر اسد عمر ،شبیر گجر ،مسرت چیمہ ،جمیشد چیمہ کرامت کھوکھر سمیت دیگر پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے پراسکیوشن سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواستوں میں 31 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے وکلا کو بھی دلائل کے لیے طلب کرلیا ۔