تین ماہ کے دوران پنجاب میں 89 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، سی ٹی ڈی

پیر 22 ستمبر 2025 21:17

تین ماہ کے دوران پنجاب میں 89 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، سی ٹی ڈی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)محکمہ انسدادِ دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی) نے کہا ہے کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 940 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 89 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔گزشتہ سال کے دوران پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی باقاعدگی سے کارروائیاں کرتی ہے تاکہ دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کی روک تھام، تفتیش اور انٹیلی جنس اکٹھی کی جا سکے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق تین ماہ کے دوران 14 دہشت گرد لاہور میں، 14 راولپنڈی میں، سات، سات فیصل آباد اور بہاولپور میں، چھ، چھ جھنگ اور سرگودھا میں، پانچ ساہیوال میں، چار گوجرانوالہ میں اور تین، تین بہاولنگر اور گجرات میں گرفتار کیے گئے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار دہشت گردوں میں 55 کا تعلق فتنہ الخوارج سے ہے، جبکہ پانچ داعش (اسلامک اسٹیٹ) سے اور دو ، دو القاعدہ، حزب التحریر اور جئے سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق چھاپوں کے دوران 20.2 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، 85 ڈیٹونیٹر، 183 فٹ سیفٹی فیوز وائر، 717 کالعدم تنظیم کے پمفلٹس، میگزینز، ڈیٹونیٹنگ کورڈ، موبائل فون اور نقدی ضبط کی گئی۔سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار مشتبہ افراد کے خلاف 87 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش شروع کر دی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ گرفتار افراد اہم عمارتوں پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم سی ٹی ڈی پنجاب چوکس ہے اور محفوظ پنجاب کے ہدف کے لیے پرعزم ہے،ہم دہشت گردوں اور ریاست مخالف عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

بیان میںکہا گیا کہ’اس ہفتے کی سیکیورٹی سرگرمیوں میں مقامی پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے 13 ہزار 521 کومبنگ آپریشنز کیے، پانچ لاکھ 52 ہزار 692 افراد کو چیک کیا، 1131 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، 1061 ایف آئی آرز درج کیں اور 906 برآمدگیاں کیں۔اسی ہفتے خیبرپختونخوا سی ٹی ڈی نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خیبر ضلع میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا جن میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا۔

تین ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے دو پشاور میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث تھے جس میں ایک سب انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل شہید ہوئے تھے۔سی ٹی ڈی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ آپریشن علی مسجد کے علاقے میں اسلامی اسٹیٹ خراسان کے کمانڈر فضل نور اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔