لہہ :لداخ کے عوام کے سیاسی حقوق کیلئے سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال دسویں روز بھی جاری

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:27

لہہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے خطے لداخ سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال جمعہ کو مسلسل دسویں روز بھی جاری رہی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سونم وانگچک اور لہہ ایپکس باڈی کے ارکان نے لداخ کے عوام کیلئے سیاسی حقوق بشمول ریاستی حیثیت اور چھٹے شیڈول کے تحت تحفظ کے مطالبے کے حق میں 10ستمبر کو لہہ میں 35 روزہ بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔

(جاری ہے)

بدھ مت سے تعلق رکھنے والے 15افراد وانگچک کے ساتھ بھوک ہڑتال پر ہیں۔ بدھ کے روز تقریبا 500 مقامی افراد نے وانگچک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک روزہ بھوک ہڑتال کی۔ ایک ویڈیو پیغام میں وانگچک نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ آپ نے پانچ سال پہلے لداخ کے لوگوں سے انکے منفرد ثقافت اور نازک ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے چھٹے شیڈول کا وعدہ کیاتھا،لہذا آپ کو اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔ وانگچک نے نریندر مودی سے لداخ کو ریاست کا درجہ دینے کی بھی اپیل کی ۔