پروفیسربٹ کی وفات، تحریک آزادی کشمیر اپنے ایک عظیم اور بے باک رہنما سے محروم ہوگئی ،خواجہ دلاور

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)مسلم کانفرنس کے پی کے صوبہ کے صدر خواجہ دلاور نے سابق صدر مسلم کانفرنس مقبوضہ کشمیر اور سابق چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔خواجہ دلاور نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر آج اپنے ایک عظیم اور بے باک رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔

پروفیسر عبدالغنی بھٹ نے اپنی پوری زندگی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی بلند سوچ، جرات مندانہ موقف اور سیاسی بصیرت کشمیری عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی وفات نہ صرف کشمیری قوم بلکہ پوری تحریک آزادی کشمیر کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر عبدالغنی بھٹ ایک عظیم مفکر، دانشور اور تحریکِ آزادی کشمیر کے بے مثال قائد تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی حقِ خودارادیت، نظریہ الحاق پاکستان اور کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

ان کی جرات مندانہ قیادت، بلند فکر اور سیاسی بصیرت کشمیری عوام کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔بیان میں کہا گیا کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ کا یہ بڑا کارنامہ تھا کہ انہوں نے 80 کی دہائی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم کانفرنس کا دوبارہ احیاء کیا اور نئی نسل کو تحریکِ آزادی سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پروفیسر عبدالغنی بھٹ کی وفات نہ صرف کشمیری قوم بلکہ پوری تحریک آزادی کشمیر کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور کشمیری عوام ہمیشہ ان کے کردار کو یاد رکھیں گے۔