سی پی آئی-ایم کا مودی حکومت کے جمہوریت اورسیکولر ازم پر حملوں پر اظہار تشویش

جمعہ 19 ستمبر 2025 15:15

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) بھارت کی سیاسی جماعت کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاماکسسٹ(سی پی آئی-ایم ) نے بی جے پی کی بھارتی حکومت کی طرف سے ملک میں جمہوریت اور سیکولرازم پرحملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی پی آئی-ایم نےبیان میں کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی ، بنگالی بولنے والے مسلمانوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں اور بھارت میں شہری آزادیوں پر قدغن ملک میں جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔

بیان میں ہندوتوا راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے کی ایک دانستہ کوشش قرار دیاگیاہے۔سی پی آئی ایم نے بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت آمریت ، فرقہ وارانہ تقسیم اور دیگر ہندوتواپالیسیوں کے ذریعے ملک میں جمہوری اقدار کو تباہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں خاص طور پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کااظہار کیاگیا اور کہاگیاکہ اگست2019میں خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر براہ راست نئی دہلی کے زیر انتظام ہے جہاں منتخب نمائندوں کو نظر انداز کیاجارہاہے اور شہری آزادیوں کو بری طرح محدود کیا گیا ہے۔

سی پی آئی ایم نے بنگالی بولنے والے مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک پربھی تشویش ظاہر کی اور کہاکہ بی جے پی کے زیر حکومت ریاستوں میں پولیس اور انتظامیہ بنگالی بولنے والوں کو بغیر ثبوت کے بنگلہ دیشی قرار دےکر جبری طورپربے دخل کر رہی ہے۔