صوبے کی سیکورٹی فورسز اور عوام دہشتگردوں کے نشانہ پر ہے جبکہ حکومت امن وامان کے قیام میں مسلسل ناکام رہی ،حسن یار خان

جمعہ 19 ستمبر 2025 22:40

Mکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2025ء) پشتونخوا لائرز فورم جنوبی پشتونخوا ایگزیکٹیوکا اجلاس جنوبی پشتونخواکے صوبائی صدر ایڈووکیٹ حسنیار خان کے زیر صدارت کچہری بار روم کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کے سیاسی حالات اور پشتون وطن میں جاری بدامنی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں یہ عہد کیا گیا کہ پشتونخوا لائرز فورم پارٹی فیصلوں کی روشنی میں قومی اور وطنی مفادات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور ناروا جبر وظلم کے خلاف آئینی وقانونی راستہ اختیار کریگی۔

پشتونخوا لائرز فورم کے ایگزیکٹیو اجلاس میں سروس ٹریبیونل کے چیئرمین جناب نصیب اللہ ترین کو اپنے آئینی عہدے سے غیر قانونی طور پر حکومت کی طرف سے برطرفی کرنے کی پرزور مذمت کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گزشتہ شب ضلع شیرانی میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے کی سیکورٹی فورسز اور عوام دہشتگردوں کے نشانہ پر ہے جبکہ حکومت امن وامان کے قیام میں مسلسل ناکام رہی ہے اور آج تک کسی بھی دہشتگردانہ واقعہ کے ملزمان کو قانون کی گرفت میں نہیں لایا گیا ہے جو کہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پشتونخوا لائرز فورم کے اجلاس میں 2ستمبر کو سردار عطاوللہ مینگل کی چوتھی برسی کے جلسے میں BNP کے چیئرمین سردار اخترجان مینگل، پشتونخوا میپ کے چیئرمین و تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر مشر محمودخان اچکزئی اور دیگر قائدین پر خودکش حملے کی پرزور مذمت کی گئی۔ خودکش حملہ میں 18 سیاسی کارکنان شہید اور بیسوں زخمی ہوئے اور سیاسی جماعتوں کے پرامن احتجاج پر جس انداز میں حکومت نے لاٹھی چارج ، فائرنگ ، آنسو گیس شیلنگ ، گرفتاریاں کی وہ انتہائی افسوس اور قابل مذمت ہے۔

عوام کی تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داریوںمیں شامل ہیں۔8ستمبر کو پشتونخوالائرز فورم ودیگر وکلاء فورمز کی جانب سے ہڑتال کی مکمل حمایت عوام کی جانب سے کامیاب پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتا ل پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ اجلاس میں افغان کڈوال کی غیر آئینی بے دخلی کی سختی سے مذمت کی گئی اور جبری بیدخلی جس میں نہ بچے ،نہ عورتیں اور نہ ہی بوڑھے محفوظ ہیںیہ انتہائی افسوسناک ہے ۔

دنیا جہان میں یہ قانون ہے کہ انسان جہاں جنم لیتا ہے تو وہاں کا شہریت خودبخود اس کو مل جاتا ہے جبکہ یہاں افغان کڈوال عوام کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک رویہ اختیار کیا گیا ہے ۔ پشتونخوا لائرز فورم کے جنرل باڈی کا اجلاس 20 ستمبر کوطلب کیا گیا ہے ، فورم کے تمام وکلا سے اجلاس میں شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ہی