ہمیں ایک آمرانہ نظام میں زندگی گزارنے پر مجبور کیاگیا ، میر واعظ عمر فاروق

ہفتہ 20 ستمبر 2025 12:45

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی انتظامیہ کی طرف سے انہیں بار بار گھر میں نظربند کرنا او ر نماز جمعہ کیلئے جامع مسجد جانے سے روکنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہمیں ایک آمرانہ نظام میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جنہیں گزشتہ روز مسلسل دوسرے ہفتے گھر میں نظر بند کر کے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد جانے نہیں دیا گیا ، نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ انتہائی باعث افسوس ہے کہ حکومت جب چاہے ہمارے دینی اور شہری حقوق پر قدغن لگا دیتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ جمعہ میرے لیے اس لیے بھی اہم تھا کیونکہ میر ے دیرینہ ساتھی ، رفیق اور دوست پروفیسر عبدالغنی بٹ ہم سے جداہو گئے تھے۔

میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ہمیں ان کے جنازے میں شریک نہیں ہونے دیا گیا، کم از کم جمعہ کے موقع پر اگر ہم انکے لیے دعا کرتے تو کون سا آسمان ٹوٹ پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کیا حکام اس قدر خوفزدہ ہیں کہ وہ ہمیں اپنے مرحوم رہنمائوں کو الوداع بھی نہیں کرنے دیتے ، ان کیلئے دعا کی اجازت نہیں دیتے ۔ میرواعظ نے کہا کہ انتظامیہ کا یہ عمل قابل مذمت ہے۔