پاک افغان عوامی سطح پر تعلقات بڑھانے سے خطے میں امن ہو سکتا ہے، ترجمان پختونخوا حکومت

ہفتہ 20 ستمبر 2025 16:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء)ترجمان پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پاک افغان عوامی سطح پر تعلقات بڑھانے سے خطے میں امن ہو سکتا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں افغان سفیر سردار احمد شکیب سے مشیر اطلاعات مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی اسلام آباد میں افغان سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان و افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

علاوہ ازیں خیبر پختون خوا میں جاری بدامنی کے واقعات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت کے امن و امان کے اقدامات کے حوالے سے افغان سفیر کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطے میں دیرپا امن کے لیے تعاون پر زور دیا گیا۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہے، تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں خطے میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا اور امن کے قیام کے لیے قبائلی جرگوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہقبائلی جرگے امن کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خود قبائلی جرگے منعقد کیے ہیں۔ افغانستان اور خیبر پختون خوا کے عوام تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات بڑھانے سے خطے میں امن قائم ہوسکتا ہے۔افغان سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تجارتی تعلقات کو فروغ ملنا چاہیے۔ قیام امن کے لیے افغان حکومت ہرقسم تعاون کے لیے تیار ہے۔ خطے میں پائیدار امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔آخر میں بیرسٹر سیف نے افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور افغان زلزلہ متاثرین کے لیے دعا کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔