ریاسی ، کشتواڑ:قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے

ہفتہ 20 ستمبر 2025 17:00

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ریاسی قصبے کے رہائشیوں نے ضلعی ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی شدید کمی کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس مظاہرے نے ایک بار پھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعمیر وترقی کے مودی حکومت کے نام نہادبیانیے کی قلعی کھول دی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں کئی اسامیاں خالی ہیں ، اینستھیٹسٹ، ڈرماٹولوجسٹ اور نیفرولوجسٹ دستیاب نہیں ہیں ، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج کے لیے جموں یا دیگر اضلاع کا طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے خالی آسامیوں کو پر کرنے اور ڈاکٹروں کی باقاعدہ دستیابی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک ان کے مطالبات نہیں مانے جاتے وہ روزانہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔دریں اثنا کشتواڑ قصبے کے مضافات میں لوگوں نے ڈیڑھ ماہ سے جاری پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کیا ، انہوں نے گاڑیوں کی آمدورفت کو روک دیا۔ مظاہرین نے کہا کہ حکام عوام کے صبر کا امتحان لے رہے ہیں اور اگر ان کے مطالبات فوری طور پر پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کو مزید تیز کیا جائے گا۔