Live Updates

ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کی جائیں،ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب

ہفتہ 20 ستمبر 2025 17:00

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ہوم ڈیپارٹمنٹ) کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں برگیڈیر محمد فرقان شبیر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر ،اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین ، انفارمیشن، کسٹم ، ایکسائز، ایجوکیشن، ہیلتھ، انٹیلی جنس اداروں کے افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سمگلنگ، بجلی چوری ، غیر قانونی پٹرول پمپس ، تجاوزات ، غیر قانونی تعمیرات ، بھکاریوں ، سمگلنگ آئل اور نان کسٹم گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون کرنے ، مدرسہ اور مسجد اصلاحات کے نفاذ اور مدارس کی رجسٹریشن ، ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانے اور عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیلابی صورتحال کے دوران ریسکیو و ریلیف آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و اہلکاروں کو شاباش دی گئی اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے نیک نیتی اور دیانتداری کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں متعلقہ اہداف کے حوالے سے محکموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے تمام محکمے لگن اور محنت سے کام کر رہے ہیں تمام محکمے باقاعدگی سے اپنی کارکردگی سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور تجاوزات کے خلاف بھر پور آپریشن جاری رکھا جائے، سمگلنگ کے خلاف بھر پور اور منظم انداز سے ایکشن لیا جائے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

یونیورسٹی، کالجز او سکولز میں آگاہی سیمینارز کروائے جائیں، بھکاریوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے کہا کہ پولیس کی طرف سے مکمل تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی محکمے استغاثہ جمع کروائیں فوری مقدمات کا اندراج کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے برگیڈیر محمد فرقان شبیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم بچوں کی سکلز کو ڈویلپ کرے اور محکمہ صحت ہر آنے والے شہری کو اچھے سے ٹریٹ کرے۔انہوں نے کہا کہ انصاف ، صحت اور یکساں تعلیم کی فراہمی سے پاکستان ترقی کرے گا ہمیں تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا پڑے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات