Live Updates

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا جلالپور پیروالہ کا دورہ، گیس لائن و ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا

ہفتہ 20 ستمبر 2025 17:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ہفتہ کے روز جلالپور پیروالہ موٹروے بریک پوائنٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقے، ریلیف آپریشنز اور گیس سپلائی کے تسلسل کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پیٹرولیم، ایم ڈی سوئی نادرن گیس، ڈی ایم ڈی آپریشنز، کمشنر ملتان عامر کریم خان اور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کو متعلقہ حکام نے بتایا کہ چناب، راوی اور ستلج میں اونچی سطح کے سیلاب کے باعث متاثرہ پائپ لائن کو حفاظتی اقدام کے طور پر پہلے ہی بند کر دیا گیا ہے۔ ہنگامی بائی پاس لائن بچھانے کا کام جاری ہے تاکہ گیس کی فراہمی متاثر نہ ہو۔حکام نے یقین دہانی کرائی کہ متوازی لائن کے ذریعے پنجاب اور بالائی علاقوں میں گیس کی سپلائی بلا تعطل جاری ہے اور کسی شہر میں بندش نہیں ہوئی۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے بھی وفد کو ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ موٹروے کے متاثرہ حصے پر بھاری مشینری کے ذریعے بحالی کا کام جاری ہے اور پانی اترتے ہی متاثرہ بستیوں کا تفصیلی سروے کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات