مسلم لیگ (ن) کو پی ٹی آئی کے سیاسی جلسوں پر کوئی اعتراض نہیں ،پی ٹی آئی قیادت کا "ریاست مخالف" بیانیہ پاکستان کے قومی مفاد کو نقصان پہنچا رہا ہے، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

ہفتہ 20 ستمبر 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اگرچہ مسلم لیگ (ن) کو پی ٹی آئی کے سیاسی جلسوں پر کوئی اعتراض نہیں لیکن پی ٹی آئی قیادت کا "ریاست مخالف" بیانیہ پاکستان کے قومی مفاد کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کے بیانات قومی مفاد سے ہم آہنگ نہیں اور اس کا فائدہ صرف پاکستان کے دشمنوں کو ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کرنا ان کا جمہوری حق ہے، لیکن سیاسی اجتماعات میں پالیسی اور عوامی مسائل پر بات ہونی چاہیے، نہ کہ ریاست مخالف بیانیے پر۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو اب بھی افغانستان سے دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں اتحاد اور ذمہ دار سیاست وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سیاسی مکالمے اور استحکام کی بات کی ہے، لیکن پی ٹی آئی کا مؤقف مسلسل ریاست کے خلاف رہا ہے۔

انہوں نے حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ اقتصادی بہتری اور قومی طاقت کا انحصار اسی پر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہےاور غیر ذمہ دارانہ سیاست ان کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔