ادھم پور میں فوجی آپریشن مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا

فوجی کارروائی کے دوران ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اورتین زخمی ہوئے

اتوار 21 ستمبر 2025 14:20

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے جموں خطے میں ڈوڈہ ۔ادھم پور کی سرحد پر سیوج دھر جنگلات میں بھارتی فوج کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی اتوار کو مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں اب تک ایک بھارتی فوجی ہلاک اورتین زخمی ہوئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعہ کی شام ادھم پور کے ڈڈو تھانے کی حدود میں آنے والے پہاڑی علاقے میں تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔

فوجی کارروائی کے دوران ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اورتین زخمی ہوئے تھے۔ قابض حکام نے بتایا کہ فوجی اہلکار بلدیو چند ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں شدید زخمی ہوا اور بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والا فوجی بھارتی فوج کی وائٹ نائٹ کور کا حصہ تھا۔ادھم پور کے ڈڈوبسنت گڑھ علاقے اور ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے پر پھیلے ہوئے پورے جنگل کو رات بھر سخت محاصرے میں رکھاگیا۔ آج صبح ڈرونز اور سراغ رساں کتوں سمیت علاقے میں تازہ کمک پہنچائی گئی۔بھارتی فوج اور پولیس کے اعلی حکام آپریشن کی نگرانی کے لیے موقع پر پہنچ گئے اورآخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔بھارتی فوج نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔