Live Updates

عمر گل نے بھارتی بیٹرز کو قابو کرنے کیلئے پاکستانی باؤلرز کو قیمتی مشورہ دیدیا

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 ستمبر 2025 17:19

عمر گل نے بھارتی بیٹرز کو قابو کرنے کیلئے پاکستانی باؤلرز کو قیمتی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر 2025ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے بھارتی بیٹرز کو قابو کرنے کیلئے پاکستانی باؤلرز کو قیمتی مشورہ دے دیا۔ سرکاری ٹی وی کے سپورٹس پروگرام میں تجزیہ کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما اور وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن کی بیٹنگ تکنیک پر بات کی اور کہا کہ ابھیشیک شرما ایک جارح مزاج بیٹر ہے جو زیادہ تر فرنٹ فٹ پر کھیلتا ہے، ایسے کھلاڑیوں کو قابو کرنے کے لیے گیند کو فرنٹ فٹ کے قریب رکھنا ضروری ہے، اگر بولر درست لائن اور لینتھ پر گیند کرے اور شرما کو قدموں کا استعمال محدود کرنے پر مجبور کرے تو اسے مشکل میں ڈالا جا سکتا ہے۔

اسی طرح سنجو سیمسن کے حوالے سے عمر گل نے کہا کہ ان کا بیٹنگ سٹائل اور تکنیک کافی حد تک ابھیشیک شرما سے ملتی جلتی ہے، اس لیے اسے روکنے کے لیے بھی یہی حکمت عملی کارآمد ہو سکتی ہے، اگر دونوں بیٹرز کو جسم کے قریب تیز رفتار باؤنسرز کروائے جائیں تو وہ پریشر میں آ سکتے ہیں کیوں کہ ایسے لانگ ہینڈل کھلاڑی باؤنسرز کے خلاف زیادہ پراعتماد نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایشیا کپ سپرفور مرحلے کا دوسرا میچ آج پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا، پاکستانی ٹیم نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ساتھ حسین طلعت کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ حسن نواز کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں، مسٹری اسپنر ابرار احمد کو محمد نواز اور صائم ایوب کا تعاون حاصل ہوگا، بھارت کے خلاف پاکستان کے جو 11 کھلاڑی میدان میں اتریں گے ان میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، حسین طلعت، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہوں گے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات