سید عثمان طاہر سے میانمار کے سفیر یو ونا ہان کی ملاقات،مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ پر گفتگو

اتوار 21 ستمبر 2025 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت کے اعزازی مشیر سید عثمان طاہر سے میانمار کے سفیر برائے پاکستان یو ونا ہان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزارت قومی ورثہ وثقافت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سید عثمان طاہر نے وزارتِ ورثہ کی جانب سے شائع ہونے والے کتب سفیر کو پیش کئے جن میں مصوری کے نایاب نمونے، خطاطی کے شاہکار اور دیگر فنونِ لطیفہ کے کام شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سفیر کو پاکستان کی متنوع ثقافت اور قدیم ورثے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔میانمار کے سفیر یو ونا ہان نے پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے خاص طور پر گندھارا تہذیب، کمیونٹی منصوبوں اور مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ پر بات کی اور مستقبل میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔سفیر یو ونا ہان وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات کریں گے تاکہ ثقافتی نمائشوں، ورکشاپس اور بین الاقوامی ثقافتی روابط کے فروغ پر مزید بات چیت کی جا سکے۔