الخدمت بنو قابل پروگرام سے 250 طلباء و طالبات نے آئی ٹی کی مختلف مہارتوں میں کورس مکمل کرلیا، تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد

اتوار 21 ستمبر 2025 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے تحت نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کے ذریعے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کےلیے شروع کیے گئے الخدمت بنو قابل پروگرام کے سمر بیچ کورس کی تکمیل پر مزید 250 طلبہ و طالبات کو تین ماہ کے کورس کی تکمیل پر اسناد اور نمایاں پوزیشن ہولڈر طلبہ کو لیپ ٹاپ اور شیلڈز دیے گئے۔

سمر بیچ سے فارغ التحصیل طلبہ میں 120 طالبات بھی شامل ہیں۔ اس سلسلے میں پشاور یونیورسٹی کے سر صاحبزادہ عبدالقیوم خان میوزیم ہال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) محمد امین نے کی۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص مہمانِ خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں الخدمت کے صوبائی نائب صدر افتخار احمد خان، اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس کے ناظم تقویم الحق اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی میڈیا منیجر نورالواحد جدون سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے خطاب کرتے ہوئے الخدمت بنو قابل گریجویٹس کو فری آئی ٹی کورسز کی کامیاب تکمیل اور آن لائن کاروبار کے حصول پر دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے محنت، لگن اور استقامت کے ساتھ یہ مرحلہ کامیابی سے طے کیا اور یہ ثابت کیا ہے کہ ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، صرف انہیں رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری محمد امین، صوبائی نائب صدر افتخار احمد اور ناظم کیمپس جمعیت تقویم الحق نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے میں خیر و بھلائی کی وہ گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے بنو قابل پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی سکلز فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے روزگار کما سکیں بلکہ اپنی فیملی، کمیونٹی اور ملک کے لیے بھی ایک مثبت کردار ادا کر سکیں۔

مقررین نے کہا کہ یہ پروگرام صرف کورسز تک محدود نہیں بلکہ یہ مایوسی کے اندھیروں کو ختم کرنے، بے روزگاری کو کم کرنے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ایک تحریک ہے۔ آج جو طلبہ آن لائن روزگار حاصل کر رہے ہیں اور اپنی کامیابیوں کی کہانیاں سب کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، وہ اس بات کی جیتی جاگتی مثال ہیں کہ اگر عزم اور مواقع ہوں تو کوئی خواب ناممکن نہیں۔

مقررین نے اس موقع پر الخدمت بنو قابل پروگرام کے اساتذہ، ٹرینرز، والدین اور الخدمت کے تمام رضاکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشن کو کامیابی تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص نے اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس کے ناظم کے مطالبے پر پشاور یونیورسٹی میں بھی الخدمت بنو قابل سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا جس کے لیے عنقریب یونیورسٹی انتظامیہ سے ملاقات کی جائے گی۔ اس موقع پر کامیاب طلبہ و طالبات کو اسناد جبکہ پوزیشن ہولڈر طلبہ کو لیپ ٹاپ اور شیلڈز دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :