وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شہید اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کی قربانی کو خراج عقیدت

اتوار 21 ستمبر 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیارت کے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے کو شہید کرنے کے المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل ایک فرض شناس، محنتی اور قابل افسر تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانت کے ساتھ نبھائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید محمد افضل نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم جانوں کے قاتل اور امن کے دشمن اپنے انجام سے ہرگز نہیں بچ سکیں گے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں بلوچستان میں قیام امن اور استحکام کے سفر میں مشعل راہ ہیں۔