بھارت کو بتا دیا تم جتنے مرضی جہاز اکٹھے کر لو،پاکستانی قوم تمہیں شکست دینا جانتی ہے‘ احسن اقبال

سیلاب متاثرین کے پشت پر کھڑے ہیں، بحالی کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے‘وفاقی وزیر منصوبہ بندی

اتوار 21 ستمبر 2025 21:15

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ قدرتی آفت کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا،سیلاب متاثرین کے پشت پر کھڑے ہیں، بحالی کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب متاثرہ گاں دودھے میں سکول کے بچوں میں کتابیں، سکول بیگز اور دیگر اشیا ء تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب نے ضلع نارووال نے بہت نقصان کیا، یہ سیلاب تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا ، جہاں سے سیلابی پانی اتر رہا ہے ، وہاں پر ریلیف کا کام جاری ہے ، آپ نے مشکل وقت میں ثابت کیا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے، یہ مرغی، انڈے دینے کی صدی نہیں ہے،یہ اکیسویں صدی، کمپیوٹر، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی صدی ہے، ہمارا مشن تعلیم تعلیم اور تعلیم ہے ،ہم نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے، ہماری مسلح افواج نے بہادری کے ساتھ دشمن کو دان شکن جواب دیا ، الحمدللہ معرکہ حق نے پاکستان کا دنیا کے سامنے نام پیدا کر دیا ہے ، ساری دنیا آج پاکستان کی عزت کر رہی ہے، آج سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو گئی ہے، آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے، بھارت کو بتا دیا کہ تم جتنے مرضی جہاز اکٹھے کر لو،پاکستانی قوم تمہیں شکست دینا جانتی ہے،آج پاکستان میں اس جماعت کی حکومت ہے جو پاکستان کی ماں ہے، اللہ نے کتنی عزت دی کہ ہم باقاعدہ طور پہ حرمین شریفین کے محافظوں میں شامل ہوگئے، یہ پوری قوم اور ہمارے لیے بڑی اعزاز کی بات ہے، اگر کوئی حرمین شریفین پر پہ میلی نگاہ ڈالے گا تو وہ پاکستان پر میلی نگاہ ڈالے گا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے اس جہالت سے نجات حاصل کی ہے جو نیا پاکستان بنا رہا تھا، نیا پاکستان بناتے وہ ملک کو دیوالیہ کر کے ڈبو کر چلا گیا تھا،اس نے پاکستان میں سوائے نفرت پھیلانے، نوجوانوں کو گالم گلوج سکھانے کے کچھ نہیں دیا، ہم صرف پاکستان کی تعمیر ،ترقی اور پاکستان کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں، آپ دیکھیں گے کہ ہمارا ہر آنے والا سال پچھلے سال سے بہتر ہوگا، ہم نے نقصان کرنے والے کیڑوں سے اور جانوروں سے اپنی فصل کو بچانا ہے،اگر یہ کیڑے ہماری ترقی پرحملہ آور ہوں گے تو ہمارے پاس وہ سپرے بھی ہے کہ جس کے ساتھ یہ سارے کیڑے تلف کیے جا سکیں، یہ قوم مل کر کام کرے گی محنت کرے گی اپنے پیروں پر کھڑا ہو گی۔