Live Updates

چنیوٹ ،اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ کے زیر اہتمام سیلاب متاثرہ عوام کے لیے مفت ریلیف میڈیکل کیمپس کا انعقاد

پیر 22 ستمبر 2025 11:20

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ کے زیر اہتمام موضع بابو رائے اور نوشہرہ میں سیلاب متاثرہ عوام کے لیے مفت ریلیف میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپس وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان میاں قیصر احمد شیخ کی سرپرستی اور چنیوٹ انجمن اسلامیہ (CAI) کی مالی معاونت سے منعقد ہوئے۔ترجمان کے مطابق کیمپس میں مجموعی طور پر 900 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔

مریضوں کو نہ صرف عام طبی سہولیات فراہم کی گئیں بلکہ خصوصی طور پر وہ متاثرین جو سیلابی پانی اور آلودگی کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہوئے تھے، ان کا بھی معائنہ کیا گیا۔ماہر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے جلدی امراض، الرجی، بخار، نزلہ زکام، معدے کی بیماریاں، بلڈ پریشر اور شوگر کے مریضوں کا معائنہ کیا اور موقع پر ہی مفت ادویات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

اس دوران 115 مریضوں کے شوگر ٹیسٹ کیے گئے، 10 مریضوں کو انسولین دی گئی جبکہ 10 مریضوں کی ڈریسنگ بھی کی گئی۔سیلاب متاثرین نے اس اقدام پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ اور چنیوٹ انجمن اسلامیہ کا یہ قدم ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے مطابق سیلاب کے بعد بنیادی طبی سہولیات تک رسائی ممکن نہ تھی مگر ان میڈیکل کیمپس نے ان کی فوری ضروریات پوری کر دیں۔

اس موقع پر منیجر اسلامیہ ہسپتال آصف اقبال نے کہا کہ“سیلاب متاثرہ عوام کی خدمت ہمارے لیے اعزاز ہے، ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ اس مشکل وقت میں کسی مریض کو علاج اور دوا سے محروم نہ ہونا پڑے۔ آئندہ بھی اس سلسلے کو مزید علاقوں تک بڑھایا جائے گا تاکہ کوئی مستحق علاج سے محروم نہ رہے۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات