وہاڑی ،ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر سختی، اوورلوڈ ٹرانسپورٹ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری

پیر 22 ستمبر 2025 18:28

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد افضل سمیت محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس اور ہائی وے پٹرولنگ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں "ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم" پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اوورلوڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ شاہراہوں کو نقصان سے بچایا جا سکے اور حادثات کی روک تھام ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دی کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کیے جائیں اور بار بار خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔سیکرٹری آر ٹی اے کامران انور نے اجلاس کو بتایا کہ جولائی تا اگست 1635 انسپکشنز کے دوران 293 چالان، 34 گاڑیاں بند اور 10 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ پنجاب ہائی وے پٹرول نے گزشتہ تین ماہ میں 1897 انسپکشنز کے دوران 1850 چالان اور 9 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانے کیے۔ اسی طرح ٹریفک پولیس نے یکم جون تا 15 ستمبر 6412 چالان، 32 لاکھ 6 ہزار روپے جرمانے، 913 گاڑیاں بند اور 103 مقدمات درج کیے۔\378