اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کے اعزاز میں تقریب (کل) ہوگی

پیر 22 ستمبر 2025 20:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء) اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2025 کے تمام گروپس کے پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب تقسیم انعامات بروز بدھ 24ستمبر 2025 کو منعقد کی جارہی ہے۔ انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی ا میدواروں اور ہوم اکنامکس گروپس کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ہونے والی یہ تقریب صبح گیارہ بجے صدیق میمن اسکاٹس آڈیٹوریم، اسکاٹس ہیڈکوارٹرز، صدر کراچی میں منعقد کی جائے گی۔

اس تقریب میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ محمد عباس بلوچ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کی آمد طلبہ کے لیے اعزاز اور حوصلہ افزائی کا باعث ہوگی۔تقریب کے دوران انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2025 کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو شیلڈزاور سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا تاکہ ان کی محنت اور نمایاں کامیابیوں کو سراہا جا سکے۔

اس موقع پر طلبہ کے علاوہ اساتذہ، والدین اور دیگر معزز مہمان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔چیئرمین اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر فقیر محمد لاکھو نے اس موقع پر کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ یہ تقریب ان کی علمی محنت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک محرک اور ترغیب ہے کہ وہ مزید لگن اور عزم کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔

تقریب میں اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکانٹنٹس آف پاکستان (ICMA) کے درمیان چیف منسٹر سندھ اسکالرشپ پروگرام کے تحت مفاہمتی یادداشت کے مطابق نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو اسکالرشپس اور سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں تقریب میں وزیراعظم پاکستان کی نیوانرجی وہیکل پالیسی 2025-2030 کے تحت اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024 میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مفت الیکٹرک بائیکس بھی دی جائیں گی۔