Live Updates

حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی مکمل آبادکاری تک انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی‘ سہیل شوکت بٹ

پیر 22 ستمبر 2025 20:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے تحصیل بھوآنہ چینیوٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل،ارکان صوبائی اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی،چوہدری ثاقب خاں چدھڑ،اسسٹنٹ کمشنر بھوآنہ سعدیہ جمال بھی موجود تھیں۔

ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق،ڈویژنل کوآرڈینیٹر سماجی بہبود رانا وارث حسین،مسلم لیگی رہنما آفتاب اکبر چوہدری ودیگر بھی شریک تھے۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے مقامی مارکی میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں جاکر رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے اشتراک سے 450سے زائد سیلاب متاثرین میں تقریباً 2ماہ کا راشن و ضروری گھریلو سامان تقسیم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی مکمل آبادکاری تک انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ سیلاب متاثرین کی بھی بحالی کے لئے سرگرم ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں این جی اوز کے ساتھ مل کر ضرورت زندگی کاسامان تقسیم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کا ہر کیبننٹ ممبر سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر آج بھوآنہ آپ کے لئے سامان لے کر آیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔ اس ضمن میں شفاف انداز میں سروے جاری ہے اور متاثرین کا حق ان کی دہلیز تک پہنچائیں جبکہ چھوٹے کسانوں کے نقصانات کو بھی پورا کریں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام این جی اوز متحرک جنہوں نے آج مشکل وقت میں کلیدی کردار اداکیا۔متاثرین سیلاب کو گھروں میں شفٹ کرنے تک حکومت پنجاب متحرک رہے گی۔تقریب سے ارکان اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر ڈی سی آفس بھی گئے۔ڈپٹی کمشنر نے سیلاب متاثرین کی امداد وبحالی کے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات