وزیراعظم آزاد کشمیر کا پونچھ ڈویژن کیلئے ایک ارب روپے کا پیکج، وویمن کمیشن کی چیئرپرسن ریحانہ خان کا اظہار تشکر

منگل 23 ستمبر 2025 15:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) وویمن کمیشن آزاد کشمیر کی چیئرپرسن محترمہ ریحانہ خان نے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پونچھ ڈویژن کے عوام کے لیے ایک ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج ایک احسن اور تاریخی اقدام ہے، جس سے نہ صرف عوامی مسائل حل ہوں گے بلکہ علاقائی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے راولا کوٹ اور باغ جیسے حساس اور پسماندہ علاقوں کو پیکج میں شامل کرکے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ یہ پیکج روزگار، بنیادی سہولیات اور عوامی خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا۔محترمہ ریحانہ خان نے مزید کہا کہ باغ اور راولا کوٹ میںکامیاب جلسی( بنیان مرصوص ) اس بات کا مظہر ہیں کہ پاک فوج اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں کشمیری عوام کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور امن کے قیام کے لیے بے مثال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں فوج نے نہ صرف دفاعی محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی عملی اقدامات کیے ہیں۔ ان کا وژن آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان کے عوام کے لیے امید کی کرن ہیریاستی و سماجی حلقوں نے بھی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پیکج سے خطے کے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔

محترمہ ریحانہ خان نے زور دیا کہ ہمیں وزیر اعظم اور فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ریاست جموں و کشمیر میں ترقی، امن اور استحکام کو مزید فروغ دیا جا سکے۔