پیرمحمد مظہر سعید شاہ عالمی صمود فلوٹیلاکیساتھ غزہ کے سفر پر رواں دواں ،جراتمندانہ اقدام پر سوشل میڈیا صارفین کا خراج تحسین

منگل 23 ستمبر 2025 23:19

اٹلی/مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ کو ان کے جرات مندانہ اقدام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ وزیر اطلاعات عالمی ’صمود فلوٹیلا‘کے ساتھ غزہ کے سفر پر رواں دواں ہیں، جہاں وہ انسانی ہمدردی اور عالمی یکجہتی کے جذبے کی عملی مثال قائم کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شہریوں نے پیر محمد مظہر سعید شاہ کے اس اقدام کو امن، انصاف اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا شاندار پیغام قرار دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کا یہ بیٹا نہ صرف اپنے خطے بلکہ پوری مسلم امہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ صارفین نے اپنے پیغامات اور تبصروں میں کہا ہے کہ پیر مظہر سعید شاہ کا یہ عمل آزاد جموں و کشمیر ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے لیے فخر کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک ایسی مثال قائم کی ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب فلسطین کے مظلوم عوام عالمی ضمیر کو پکار رہے ہیں، پیر محمد مظہر سعید شاہ کا فلوٹیلا قافلے میں شامل ہونا دراصل ان کی آواز کو مزید تقویت دینا ہے۔ ان کا یہ اقدام امن، اخوت اور اتحاد کا ایک مضبوط پیغام ہے۔سیاسی و سماجی حلقوں نے بھی وزیر اطلاعات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس عزم و ہمت کے ساتھ عالمی قافلے کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، وہ قابلِ تقلید ہے۔

ان کا یہ کردار نہ صرف ریاست بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرے گا۔،‘‘گلوبل صمود فلوٹیلا’’دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکنان، سیاسی رہنماؤں اور رضا کاروں پر مشتمل ہے، جو فلسطین کے عوام کی داد رسی اور عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کے لیے یکجا ہوئے ہیں۔ پیر محمد مظہر سعید شاہ کی موجودگی اس قافلے میں ایک تاریخی اضافہ ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ دنیا بھر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی کھڑے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین نے وزیر اطلاعات کے حق میں پیغامات شیئر کیے ہیں، جن میں انہیں‘‘قوم کا فخر’’،‘‘امت مسلمہ کا بہادر سپوت’’اور‘‘امن و یکجہتی کا سفیر’’قرار دیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیر محمد مظہر سعید شاہ نے جس ہمت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے، وہ بلاشبہ ایک روشن مثال ہے۔