29 ستمبر کے روزہم ہرصورت دوکانیں کھولیں گے ، انتظامیہ اور پولیس تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے‘ سیٹھ آصف مغل

منگل 23 ستمبر 2025 22:10

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2025ء)چناری بازار کے سینئر تاجر سیٹھ آصف مغل نے کہا ہے کہ 29 ستمبر کے روز ہم ہر صورت دوکانیں کھولیں گے،انتظامیہ اور پولیس تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چناری بازار کے تاجر سیٹھ آصف مغل نے دیگر تاجروں راجہ ساجد،مولوی مشتاق،مولوی خلیل،راجہ نجیب،شیخ نذیر اور دیگر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہا ایکشن کمیٹی چناری بازار میں ایک کانفرنس کے دوران شر پسندوں نے راجہ فاروق حیدر خان اور دیوان علی خان چغتائی کے حوالہ سے قابل اعترض زبان استعمال کی،جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے،جو ہمیں سہولت کار کہتے ہیں کروڑ بار کہیں ہم مرتے دم تک پاکستان کے سہولت کار رہیں گے،پاکستان ہمارا وطن ہے ہم پاکستان اور ریاست کے ساتھ ہیں 29 ستمبر کے روز چناری بازار میں ہڑتال کے بجائے دوکانیں کھلی رکھیں گے،چناری کے تاجروں نے شوکت نواز میر کی آمد پر بازار چناری کھلا رکھ کر محب وطن ہونے کا ثبوت دیا جس پر انکے شکر گزار ہیں،عارف ڈار اور دیگر جو پاکستان میں واقع 9مئی کے کردار ہیں اب آزاد کشمیر جیسی پرامن دھرتی کی فضا کو خراب کر رہے ہیں،اگر انہوں نے اپنی زبانیں درست نہ کی تو مرمت بھی ہو سکتی ہے،انشاء اللہ بازار چناری 29ستمبر کو بھی کھلے گا انتظامیہ ستو پی کر سونے کی بجائے تاجران اور ٹرانسپورٹرز حضرات کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ کریں اور ایسے بیہودہ افراد پر فی الفور مقدمات قائم کریں جو گالی، گلوچ بریگیڈ بن کر آزاد کشمیر میں افراتفری کا ماحول پیدا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی اپنی مردہ سیاست کو آکسیجن کی خاطر سارے ماحول کو خراب کر رہی ہے،راجہ محمد فاروق حیدر خان اور دیوان علی چغتائی پر کیچڑ اچھالنے والے باز رہیں اگر وہ باز نہ آئے تو پھر گلہ نا کریں تاجران چناری سے اپیل ہے کہ وہ 29ستمبر کو اپنی دوکانات مکمل کھول کر رکھیں انشاء اللہ کوئی ان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ہے۔

۔