گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ، چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات

منگل 23 ستمبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیااور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سے ملاقات کی۔ منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں عوامی دلچسپی کے امور سمیت خیبرپختونخوا میں ٹیکس کے مختلف معاملات اور ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبہ میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹیکس دہندگان کے مسائل بروقت حل کرنے اور ان کے لئے ساز گار ماحول مہیا فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے گورنر خیبرپختونخوا کو جاری ٹیکس اصلاحات بشمول ایف بی آر سسٹمز کی ڈیجیٹا ئزیشن اور آٹومیشن کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں ٹیکس نظام کو جدید اور بہتر بنانے کے لئے ایف بی آر کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔